پاکستان نے انڈین بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک فوجی کی لاش بھارت کے حوالے کر دی

راولپنڈی ( ربوہ ٹائمز) پاکستان نے انڈین بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک فوجی کی لاش بھارت کے حوالے کر دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بی ایس ایف کا سب انسپکٹر پریتوش منڈل نالے میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا تھا، پاکستان نے اس کی لاش آج بھارت کے حوالے کر دی۔

بی ایس ایف کے اہل کار کی لاش مقبوضہ کشمیر سے بہتی ہوئی پاکستان پہنچی تھی، بھارتی حکام کی جانب سے لاش کی تلاش کے لیے پاکستان رینجرز سے رابطہ کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے رینجرز نے سرچ آپریشن کے بعد لاش ریکور کر کے بھارت کے حوالے کی۔

فوجی محکمہ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوجی کی لاش ملٹری قواعد کے مطابق بی ایس ایف کے حوالے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ ہر موقع پر تعاون کے باوجود بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جاتی ہے اور آئے روز پاکستانی شہریوں کو شہید کیا جاتا ہے۔

29 ستمبر کو بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سال کی سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، بھارتی اشتعال انگیزی سے 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی بھی ہوئے۔