انسانیت سے ہمدردی کا عالمی دن خواتین رضا کاروں کے نام

نیویارک (ربوہ ٹائمز) دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد انسانی ہمدردی کے تحت اپنا گھر بار چھوڑ کر مجبور اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنے والے افراد خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس انسانی ہمدردی کے عالمی دن کی تھیم ’خواتین اور انسانیت‘ ہے کیوں کہ امدادی خدمات انجام دینے والی خواتین دنیا بھر میں قدرتی آفات ، دہشت گردانہ کارروائیوں اورجنگوں کا شکار متاثرین کی امداد کے لیے کوشاں ہیں۔

رواں برس انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کا مقصد ان ہیروز کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے جوکمیونیٹی کےلیےجنگ سے متاثرہ افغانستان کےدشوار گزار پہاڑی علاقوں میں، افریقہ میں فرنٹ لائن پر کام کررہی ہیں ، ان متاثرین میں بہت سے ایسے افراد بھی شامل ہیں’ جن کے گھر تباہ ہوچکے ہیں جیسے سینٹرل افریقن ریپبلک، جنوبی سوڈان، شام اور یمن کے عوام‘۔

اقوام متحدہ امدادی خدمات انجام دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو دنیا بھر میں متاثرہ افراد کو امداد فراہم کررہی ہیں۔

یو این کا کہنا ہے کہ خواتین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو دوسروں کی زندگیاں بچانے کےلیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ 2003 میں عراق کے دارالحکومت بغداد میں اقوام متحدہ کے دفتر پر حملے کے بعد اس دن کو منانے کی قرارداد منظور کی گئی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ یہ دن ان افراد کے لیے منسوب ہے جو انسانی ہمدردی کے تحت اپنا گھر بار چھوڑ کر مجبور اور ضرورت مند افراد کی مدد کرتے ہوئے مارے گئے۔