ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا ریکارڈ بن گیا، فضل الرحمان اپنی سیاست آئینی حدود میں کریں، فواد چودھری

اسلام آباد (ربوہ ٹائمزنیوز ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو بڑی کامیابی ملی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا ریکارڈ بن گیا، انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اپنی سیاست آئین کی حدود میں رہ کر کریں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ٹیکس ریٹرن کے معاملے پر بہت بڑی کامیابی ملی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا ریکارڈ بن گیا، فواد چوہدری نے کہا کہ اب تک 21لاکھ شہریوں نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے۔

ایف بی آر کی تاریخ میں اتنے بڑے ٹیکس ریٹرن فائل نہیں ہوئے، ٹیکس ریٹرن والوں کی تعداد40لاکھ تک لے جانا سال2019کاہدف ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ان کو کرارا جواب دیا ہے، فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا صاحب آپ کی زبان، کلام اور اقدام کسی سیاسی جماعت کے نہیں، آپ کے اقدامات دہشت گردوں والے ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ان کو مشورہ دیا کہ آپ سیاست آئین کی حدود میں رہ کر کریں، بانی ایم کیو ایم بننے کی کوشش نہ کریں ورنہ لیبیا جانا پڑسکتا ہے اور لیبیا کےایسے حالات نہیں کہ آپ وہاں پاکستان جیسی آرام دہ زندگی گزار سکیں۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ٹوئٹڑ پیغام میں کہا تھا کہ آج کا ملین مارچ آخری ہے اب ہمارا اگلا پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا، اگست کے مہینہ میں جعلی حکومت مستعفی ہو جائے وگرنہ اکتوبر میں انشاءاللہ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور اس حکومت کا خاتمہ کردیں گے۔