وزیراعظم عمران خان کی امن قائم کرنے کی کوششوں اور خطے کو جنگ سے نکالنے کے مؤقف کی بھارت میں بھی پزیرائی

اسلام آباد (ربوہ ٹائمز نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی امن قائم کرنے کی کوششوں اور خطے کو جنگ سے نکالنے کے مؤقف کی بھارتی شہریوں نے بھی تائید کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی پر وزیراعظم عمران خان کے موقف کو بھارت میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے، بھارتی عوام کی بڑی تعداد نے چند دنوں میں عمران خان کے پیج کو لائیک کیا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے دوران عمران خان کا آفیشل فیس بک پیج بھارت میں زیادہ سرچ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان کا آفیشل پیج 9 ملین لائیکس تک پہنچ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی ویورز کی غیرمعمولی تعداد وزیراعظم عمران خان کا پیج فالو کررہی ہے، عمران خان آفیشل فیس بک پر ٹریفک بھارت سے مل رہی ہے۔

خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان کردیا ہے.

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس سےزیادہ کشیدگی کوآگے نہ بڑھائے اور کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر دستخط کیے ہوئے ہیں، یہ نہیں کہتا پلواما واقعہ بھارت نے کرایا، یہ بتائیں ہمیں اس سے کیا فائدہ؟ بدقسمتی سے بھارت نے ثبوت دینے کے بجائے جنگی جنون بڑھایا۔