ہالینڈ میں گستاخانہ خاکے،تحریک لبیک کا پرسوں لاہور سے اسلام آباد مارچ کا اعلان،خادم حسین رضوی

لاہور (ربوہ ٹائمز آن لائن ) تحریک لبیک پاکستان نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بدھ کو لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے،لانگ مارچ 29اگست کو داتا گنج بخش ؒکے مزار سے روانہ ہوگا اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ہالینڈ کی حکومت کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر افضل قادری ، خادم حسین رضوی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ دشمنان اسلام ناموس پر حملہ آور ہو چکے ہیں،یہ سارا کام آزادی کے نام پر کیا جا رہا ہے،ڈیڑھ ارب مسلمانوں میں سے ایک مسلمان بھی اس کام پر راضی نہیں، یہ آزادی نہیں جہالت ہے۔تحریک لبیک کاکہناتھاکہ’ کارٹون بنانے کا مقابلہ ختم ہونے اور پاکستان کی طرف سے ڈچ سفیر کو بے دخل کرنے اور اپنے سفیر کو واپس بلائے جانے تک ہم سڑکوں پر رہیں گے ‘خادم حسین رضوی نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’ پاکستانی سفیر کو واپس بلائیں اور پاکستان سے ڈچ سفیر کو نکالیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اس کام کو فی الفور روکا جائے کیونکہ ناموس رسالت کو تمام محبتوں پر غالب کرنے کا حکم دیا گیا ہے, اس سلسلہ میں عاملہ شوریٰ کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ہالینڈ کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی,متفقہ فیصلے میں کہا گیا کہ گستاخانہ خاکوں کو روکنے کے لیے جو کچھ ہو سکا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ الیکشن کے بعد وجود میں آنیوالی حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے اپنے سفیر کو واپس بلایا جائے اور ان کے سفیر کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر پاکستان سے نکالا جائے۔ خادم حسین رضوی نے کہا کہ حکومتوں کاکام مذمت کرنا نہیں ہوتا،مذمت تو 70 سالوں سے ہورہی ہے،مذمت سے برما کے مسائل بھی حل نہیں ہونے والے،آج صلاح الدین ایوبی کی ضرورت ہے۔