پاکستانی عوام ہندوستان کیرالہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے کسی بھی قسم کی انسانی مدد کیلیے تیار ہے، عمران خان

اسلام آباد( ربوہ ٹائمز ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے ہندوستان کو بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیرالا میں متاثرین کی کسی بھی قسم کی انسانی مدد کیلیے تیار ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو ریاست کیرالہ میں سیلاب متاثرین کے لئے پاکستان کی جانب سے مدد کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کیرالہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے دعا گو ہیں جبکہ حکومت پاکستان کیرالہ میں سیلاب متاثرین کی کسی بھی قسم کی انسانی مدد کیلیے تیار ہے ۔واضح رہے کہ ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالہ میں بارشوں کے بعد بد ترین سیلاب نے تباہی مچا دی ہے ، اب تک کی اطلاعات کے مطابق سیلاب سے 400 کے قریب افراد ہلاک جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں ،ریاست کیرالہ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے صورتِ حال مزید خراب ہونے اور مزید علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے ابتدائی اندازوں کے مطابق سیلاب سے چار ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔